اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ساجد ترین ایڈووکیٹ
کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ بار کے سابق صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 8اگست بلوچستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن اور اگست کو ہمیشہ کے لئے ایک غمگین مہینہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سیاہ ترین مہینہ ہے جب ہم نے اپنے معاشرے کے سب سے قیمتی افراد کو کھو دیا۔ہمیں ایسے لوگ شاید پھر کبھی نہیں مل پائے گا، لیکن ان کا نظریہ ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا۔پانچ سال پہلے اسی مہینے میں ہم نے بلوچستان کی ایک پوری نسل اور مستقبل کھو دیا، لیکن 8اگست کے شہدا کو آج تک انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔صرف ہر سال کچھ جذباتی تقاریر سے انہیں انصاف نہیں ملے گا، اس کے لئے وکلا برادری اور بلوچستان کے ہر شہری کو کچھ عملی جدوجہد کرنی ہوگی۔8اگست کے شہدا کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کو انصاف ملنے کے لیے طویل انتظار کیا لیکن وہ ابھی تک انتظار کر رہے ہیں۔سینئر قانون دن ساجد ترین نے مزید کہا کہ اے این پی رہنما عبید اللہ کاسی کا حالیہ واقعہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جو شہریوں کی جان کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔گزشتہ جرائم میں ملوث مجرموں کو گرفتار کرنے کے بجائے، بلوچستان کے لوگوں کو مزید لاشیں مل رہی ہیں۔یہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی جان کی حفاظت کرے اور اگر وہ نہیں کر سکتے تو انہیں تسلیم کرنا چاہیے کہ وہ ناکام ہیں اور شہریوں کو اپنی حفاظت خود کرنی چاہیے لیکن ہم اب بھی امید کرتے ہیں کہ 8اگست کے شہدا اور عبید اللہ کاسی کے قتل میں ملوث مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی اور شہدا کے خاندانوں کو جلد انصاف ملے گا۔


