وزیراعظم کا دل کراچی کے ساتھ دھڑکتا ہے، حلیم عادل شیخ
کراچی:حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دل کراچی کے ساتھ دھڑکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے وزیراعظم کے دورہ کراچی پر وڈیو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج وزیراعظم کراچی میں نیوی اور کے پی ٹی کے پروگرام میں شرکت کے لئے آرہے ہیں، سب پوچھ رہے ہیں ہے کہ وزیراعظم کراچی کے لیے کیا لارہے ہیں تو وزیراعظم کراچی کے لیے پہلے ہی پیکیج دے چکے ہیں جس پر کام جاری ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 3 اوور ہیڈ برجز بن چکے ہیں منگھوپیر سے جام چاکرو تک روڈ بن رہی ہے، گرین لائین کا ٹریک مکمل ہوچکا ہے، اسی سال ستمبر میں گرین لائین کی بسز پہنچ جائیں گی، 52 فائر بریگیڈ وفاقی حکومت کے کراچی میں موجود ہیں۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ اورینج لائین سندھ حکومت کا بھی وفاق دیکھ رہی ہے،1100 ارب کے پیکیج میں اہم کام نالوں کی صفائی کا تھا،10 ارب روپے کراچی میں ایم این ایز اور ایم پی ایز نے لگائے ہیں،11 سو ارب کے پیکیج میں ساڑھے 4 سو ارب سندھ حکومت کو دینے تھے، سندھ حکومت نے ایک پیسہ خرچ نہیں کیا اور ایک نالا بھی صاف نہیں کیا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دل کراچی کے ساتھ دھڑکتا ہے، سندھ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے حصے کا کام جلد مکمل کرے۔


