شوگر ملز کو 97 روپے ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کی مشروط اجازت

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شوگر ملز کو 97 روپے ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کیس لاہور ہائی کورٹ کو واپس بھجوا دیا۔ عدالت عالیہ نے درخواستوں پر 15 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ میں چینی کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق حکومتی اپیل پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ حکومت اور شوگر ملز مالکان کی مقرر کردہ ریٹ میں فرق پر مبنی رقم ہائی کورٹ میں جمع ہوگی، شوگر ملز ایکس مل ریٹ میں فرق پر مبنی رقم رضاکارانہ طور پر جمع کرائیں گی، شوگر ملز کی طرف سے صرف مچلکے جمع کرانا کافی نہیں، متعلقہ کین کمشنر چینی کے سٹاک اور فروخت کا ریکارڈ مرتب رکھیں۔

عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں چینی کی قیمت کا کیس زیر التواء ہے، ہائی کورٹ نے حکومت کی مقررہ قیمت کیخلاف یکطرفہ حکم امتناع جاری کیا، عدالت کی ذمہ داری ہے کہ قانونی نقطے پر فیصلہ کرے، قیمتوں، نفع نقصان کا تعین کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں ہے، ہائی کورٹس کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت غیر متعلقہ حدود میں داخلے کے مترادف ہے، عدلیہ کی غیر متعلقہ حدود میں مداخلت شرمندگی کا باعث بنتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں