بلوچستان میں امن و استحکام کیخلاف بھارتی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی‘ چوہدری سرور

لاہور:گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بھارت کے پاکستان دشمن ایجنڈے کو انشا اللہ ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا۔خوشحال پاکستان کیلئے مضبوط اور پر امن بلوچستان بھی ضروری ہے۔حکومت اور تمام ادارے بلوچستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ایک پیج پرہیں۔بلوچستان میں امن و استحکام کیخلاف بھارتی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا گوادر کا علاقہ بالکل بدل جائے گا۔وہ گور نر ہاؤس لاہور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی نواب شاہ زین بگٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پربلوچستان میں مفاہمت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں بلوچستان کے عوام کو مسلسل نظر انداز کرتی رہی ہیں مگر عمران خان جب سے وزیر اعظم بنے ہیں وہ بلوچستان کی ترقی اور امن واستحکام کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کرے گی اور کامیاب نوجوان پروگرام سمیت دیگر عوامی فلاح وبہبودکے منصوبوں میں بھی بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دیا جارہا ہے۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بلوچستان میں مفاہمت او رہم آہنگی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بھارت بلوچستان میں امن تباہ کر نے کی سازشیں کر رہا ہے اور پاکستان نے اس حوالے سے تمام حقائق اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے سامنے رکھے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے عزائم کو پہلے بھی ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ان کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بلوچستان عمران خان کے دل کے قر یب ہے بلوچی عوام کو انکے حقوق دینگے۔ اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کسی ایک صوبے نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے بلوچی عوام میں پایا جانیوالا احساس محرومی ختم کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں جو کہ ملکی ترقی اور امن کیلئے ہر قر بانی دینے کو تیار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بلوچی عوام نے سب سے زیادہ قر بانیاں دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچی عوام کو صحت اور تعلیم سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین تر جیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بیرو ئے کار لائے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں