جرمنی اور نیدر لینڈز نے افغان شہریوں کی ملک بدری معطل کر دی
برلن :جرمنی اور نیدرلینڈز نے سیاسی پناہ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے افغان شہریوں کو افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مدنظراپنے یہاں عارضی طور پر ٹھہرنے کی اجازت دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن وزارت داخلہ نے بتایا کہ افغانستان میں غیر مستحکم سکیورٹی صورت حال کے مدنظر افغان شہریوں کی ملک بدری عارضی طورپر روک دی ہے۔جرمن وزیر داخلہ نے کہاکہ جنہیں جرمنی میں رہائش کا کوئی حق نہیں ہے انہیں ملک چھوڑنا ہی ہوگا، لیکن ایک آئینی ریاست اپنی ذمہ داریوں کو بھی سمجھتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے کہ ملک بدر کیے جانے والے افراد خطرات سے دو چار نہ ہو جائیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان اسٹیو الٹر نے بتایا کہ تقریبا 30 ہزار افغانوں کوجرمنی سے ملک بدر کیا جا نا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزارت کا اب بھی یہی نقطہ نظر ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں جرمنی سے جانا ہوگا، حتی الامکان جتنی جلد ممکن ہو۔


