نوشکی،کسٹمز کوئٹہ کی کارروائی، لاکھوں روپے کا غیر ملکی سامان برآمد

کوئٹہ:ماڈل کلکٹریٹ کسٹم کوئٹہ بلوچستان کے عملے نے ایف سی کی مدد سے نوشکی کے علاقے میں غیر ملکی سامان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک بس سے 3 کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی سامان جس میں کمبل، کراکری، صابن، ایئر کولر، آٹوپارٹس اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان گل رحمان کی خصوصی ہدایت پر کلکٹر کسٹم کوئٹہ عرفان جاوید کی نگرانی میں ڈپٹی کلکٹر کسٹمز دالبندین ڈاکٹر زوہیب احمد سندھیلا کی سربراہی میں انسپکٹر نصیر شاہین اور دیگر عملے نے فرنٹیئر کور کی مدد سے نوشکی کے علاقے میں آنے والی ایک مسافر بس کو روک کر چیک کیا تو اس میں لوڈ غیر ملکی سا مان قبضے میں لے لیا جس میں غیر ملکی صابن، کراکری، کمبل، آٹو پارٹس اور دیگر سامان لوڈ تھا کسٹم ذرائع کے مطابق قبضے میں لئے جانے والے سامان کی مالیت بس سمیت 3 کروڑ روپے بنتی ہے۔ چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان گل رحمان، کلکٹر عرفان جاوید اور ڈپٹی کلکٹر ڈاکٹر زوہیب احمد سندھیلا نے کہا کہ گزشتہ روز بھی کسٹمز کے عملے نے ایف سی کے تعاون سے 3کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی سامان قبضے میں لیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی تقریباً 7 کروڑ 80روپے مالیت کا غیر ملکی سامان نوشکی کے علاقے ہی سے قبضے میں لیا گیا تھا کسٹم کی یہ کارروائیاں تواتر کے ساتھ جاری رہیں گی۔تاکہ صوبے کو سمگلنگ کے ناسور سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں