کوہاٹ میں اراضی کے تنازعہ پر تصادم، 10افراد جاں بحق

کوہاٹ:کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع کرم کی لوئر تحصیل میں اراضی کے تنازع پر دودیہات کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں 10قبائلی جاں بحق اور ایک خاتون سمیت متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔موصولہ ابتدائی معلومات کے مطابق تحصیل لوئر کرم کے علاقہ مہورہ کے قریب دو دیہی علاقوں شیرجان کلے اور ساگو کلے کے قبائلیوں کے مابین اراضی کی ملکیت پر طویل عرصہ سے تنازع چلاآرہا تھا۔جمعرات کے روز فریقین کے مابین مبینہ طورپر آمنا سامنا ہوا جس پر دونوں فریقین کے مابین تکرار اور تلخ کلامی ہونے کے بعد کشیدگی بڑھ گئی اورفریقین مشتعل ہوکرمورچہ زن ہوگئے اور ایک دوسرے پر آزادانہ فائرنگ شروع کردی۔اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کی تعدادکے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس خونریز جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم 10 قبائلی زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت 8 دیگر زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں