اگر جامع حکومت بنتی ہے تو طالبان کیخلاف مزاحمت روک دیں گے،احمد مسعود

کابل:پنجشیر میں افغان مزاحمتی تحریک کے رہنما احمد مسعود نے کہا ہے کہ اگر طالبان ‘طاقت کی تقسیم کے معاہدے پر راضی ہو جائیں تو وہ ان کے خلاف مزاحمت ختم کر دیں گے۔ ایک انٹرویو میں احمد مسعود نے واضح کیا کہ امن کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور افغانستان میں ناانصافی اور عدم مساوات کو جاری رہنے دیں، اگر طالبان طاقت کی مساوی تقسیم کے معاہدے پر پہنچنے کیلئے تیار ہیں تو وہ ایک ایسے تصفییکی طرف بڑھ سکتے ہیں جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔احمد مسعود کا کہنا تھا کہ اس سے کم کوئی بھی چیز ہمارے لیے ناقابل قبول ہو گی اور جب تک ہم انصاف، مساوات اور آزادی حاصل نہیں کر لیتے ہم اپنی جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔اس مزاحمت کو خانہ جنگی قرار دینے کے سوال پر احمد مسعود کا کہنا ہے کہ وہ اسے خانہ جنگی کے طور پر نہیں دیکھتے، یہ جنگ ہم پر ایک ایسے گروہ نے مسلط کی ہے جو کئی ممالک پر انحصار کر رہا ہے اور ایک آزاد قومی تحریک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر طالبان سب کے ساتھ حکومت شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں اور انصاف کے قیام اور تمام افغانوں کو مساوی حقوق اور آزادی دینے پر راضی ہیں تو وہ مزاحمت چھوڑ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں