طاقت کا استعمال صرف ریاست کا اختیار ہے،آرمی چیف

راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیری عوام کے جذبہ حریت، شہیدوں کی قربانی اور خاص کر سید علی گیلانی کی طویل اور عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشمیر ایک کلیدی مسئلہ ہے، کشمیر بارے 5 اگست کے بھارتی اقدام کو رد کرتے ہیں،ہم ہرسطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،ہماری امن پسندی کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم نے ہر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا،اگر کوئی دشمن ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو ہر لمحہ اور ہر محاذ پر پائے گا،فوج کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر ہے،کچھ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں، اس کا مقصد پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا ہے، ملک کا امن ہر حال میں مقدم ہے،منفی عزائم کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے، افغانستان میں تمام فریقین کی نمائندہ حکومت کا قیام چاہتے ہیں،افغان سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدرِ مملکت عارف علوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جب کہ تقریب میں تینوں سروسز چیف اورکابینہ کے ارکان بھی شریک تھے۔صدر مملکت نے آرمی چیف کے ہمراہ یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی تقریب میں موجود تھے، تقریب میں شہدا کے لواحقین، غازی، حاضر سروس او ر ریٹائرڈ عسکری حکام اورجوان بھی شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہدفاع وطن قومی فریضہ ہے جو ہمیں جانوں سے عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک کے مستحکم پاکستان کا سفر پاکستانی قوم کے جذبوں، ایثار اور وطن سے محبت کے عظیم روایات سے مزین ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بزرگوں نے اپنی قربانی سے آزادی کی جو شمع جلائی، اس سے ابتداہی سے کڑے امتحانوں کا سامنا کرنا پڑا، 1948 ہو یا ستمبر 1965 کی جنگ، یا 1971 کی لڑائی، معرکہ کارگل ہو یا دہشت گردی کے خلاف طویل اور صبر آزما جنگ، ہر آزمائش نے ثابت کردیا ہے کہ ہم ہر حالت میں اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اس کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں