شام میں ایرانی موجودگی تک امن و استحکام نہیں آ سکتا، اسرائیل
ماسکو:اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ جب تک ایران موجود ہے شام میں کوئی استحکام نہیں آسکتا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے یہ بات روس کے دورے کے موقع پر ماسکو میں کہی۔ انہوں نے باور کرایا کہ ایران کا جوہری پروگرام خطے میں ایک سنگین مسئلہ ہے۔ماسکوسے اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ یائیرلبید نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی شمالی سرحد پرایران کواپنی موجودگی مضبوط بنانے پر خاموش نہیں رہے گا۔ دنیا کو ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہوگا۔ اگر عالمی برادری ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنیمیں ناکام رہی تو اسرائیل کو ایران کے خلاف کارروائی کا حق ہوگا۔لبید نے کہا کہ اسرائیل نازی جرمنی کو شکست دینے میں سوویت یونین کے کردار کی تعریف کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بوداپیسٹ یہودیوں کیلیے نازی عفریت کے قائم کردہ کیمپوں اور یہودی بستیوں کو آزاد کرانے میں ریڈ آرمی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کیمپوں میں ان کے والد کو بھی قید کیا گیا تھا۔


