حالیہ زلزلہ بلوچستان کی تاریخ میں ایک بڑا سانحہ ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ: سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان میں زلزلہ سے بڑے پیمانے پر تباہی اور جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان میں زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر ہر آنکھ اشکبار ہے ہرنائی اور شاہرگ سمیت زلزلہ سے متاثر ہونے والے علاقوں میں فوری طبی امداد پہنچانااور متاثرین کی جلد سے جلد بحالی اولین ترجیح ہے انہوں نے زلزلہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لئے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد سے جلد صحتیابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ قدرتی اور ناگہانی آفت ہے اور ایسے واقعات اچانک رونما ہوتے ہیں جس کے لئے پہلے سے تیار نہیں رہا جاسکتالیکن بہتر حکمت عملی پر عمل کر کے بڑے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔حالیہ زلزلہ بلوچستان کی تاریخ میں ایک بڑا سانحہ ہے جس میں بڑے پیمانے پراملاک کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ بہت سی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے اور سینکڑوں افراد زخمی ہیں جس پرہر پاکستانی غمزدہ ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے سمیت متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد اور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے سرد موسم میں متاثرین کو فوری طبی امداد اور محفوظ مقامات پر منتقلی میں دوسرے اداروں کے ساتھ ساتھ پا ک فوج کے جوانوں نے ایک بار پھر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور بحالی کے کاموں میں پیش پیش رہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے متاثرہ علاقے میں مختلف مقامات پر تمام ضروری امدادی سامان اور مشینری کی فوری دستیابی کو یقینی بنائیں متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ دیگر فلاحی ادارے بھی زلزلہ سے متاثرہ علاقے میں ریسکیو اور ریلیف کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی جلد بحالی کے لئے ہر ممکن دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا۔انہوں نے متاثرین زلزلہ کو یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے اور ان کی جلد سے جلد بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی مکمل تعمیر نو اور دوبارہ آبادکاری تک کام جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں