گوگل کا صحافتی اداروں کیلئے فری اشتہارات کا عندیہ

واشنگٹن: گوگل نے صحافتی اداروں کے لیے ایڈ منیجر پلیٹ فارم کی فیس اگلے 5 ماہ کے لیے معاف کرنے کا عندیہ دے دیا۔ مذکورہ اقدام کورونا وائرس کے تناظر میں کیا جس میں صحافتی ادارے بھی متاثر ہورہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گوگل نے ایڈمنیجر پلیٹ فارم کی فیس سے متعلق فیصلہ جرنلزم ریلیف فنڈ کے علاوہ کیا، جس میں صحافتی اداروں کو ہنگامی امداد دی جائے گی۔گوگل میں گلوبل نیوز پارٹنرز کے سربراہ جیسن واشنگ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیوز آؤٹ لیٹ متعلقہ ہدایت پر عمل کو یقینی بنائیں۔امریکی اخبار نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ عالمی سطح پر بحران کے وقت لوگ باخبر اور محفوظ رہنے کے لیے معیاری صحافت پر انحصار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوز کوریج کے دوران آنے والے اشتہارات صحافیوں کے لیے استعمال ہوں گے جو نیوز سائٹ اور ایپ چلا رہے ہیں۔بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ عالمی سطح پر کوالیفائی کرنے والے نیوز پبلشرز کے لئے ایڈ سروسنگ کی فیس اگلے پانچ ماہ کے لئے معاف کردی جائے گی۔واضح رہے کہ گوگل کا ایڈ منیجر ایک خودکار پلیٹ فارم ہے جسے خبروں کے ذریعہ ویب سائٹ پر پیغامات کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں