بھارت میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، فوج طلب

کوچی: بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل ہونے والی بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں جمعے کے روز سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جس کے دوران مختلف واقعات میں 15 افراد ہلاک، 25 سے زائد زخمی اور 12 افراد لاپتہ ہیں۔

زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں۔ مٹی کا تودہ گرنے سے تین مکانات بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

امدادی کاموں کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے جب کہ دور دراز اور پہاڑی علاقے ہونے کے باعث نیوی ہیلی کاپٹر کی مدد بھی حاصل کی گئی ہے۔ جس کی مدد سے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ 5 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں جہاں کووڈ-19 کی احتیاطوں کو مد نظر رکھنے ہوئے مخصوص تعداد ہی کو ٹھہرایا جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کیرالہ میں بارشوں کا زور آج سے ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں