مارچ اور دھرنے، 10 ٹرینیں منسوخ ریلوے کو 49 لاکھ روپے کا نقصان

لاہور: اسلام آباد کی جانب مارچ اور دھرنے کی وجہ سے 10 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں، مارچ اور دھرنے کے باعث 10 ٹرینیں منسوخ ہونے کی وجہ سے پاکستان ریلوے کو چند روز میں 49 لاکھ روپے کا نقصان ہوگیا۔ ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ریلوے انتظامیہ کی جانب سے لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان چلنے والی مختلف ٹرینوں کو کسی بھی ناگہانی واقعے سے بچنے کیلئیدیگر روٹس سے چلایا گیا جس کی وجہ سے پاکستان ریلوے کو ڈیزل کی مد میں زیادہ اخراجات کرنا پڑے جب کہ ٹرینیں منسوخ ہونے کے باعث مسافروں کو ری فنڈ بھی کرنا پڑا۔خیال رہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے پشاور، راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے، پشاور اور راولپنڈی سے آنے اورجانے والی ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، کندیاں، سرگودھا، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، لاہور روانہ کیا جارہا ہے، اس حوالے سے ترجمان ریلوے نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان شام 4 بج کر 30 منٹ پر چلنے والی سبک خرام اور شام 6 بجے چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس اور رات 12بج کر30 منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس کو بھی دونوں اطراف سے آج کے لیے معطل کیا گیا ہے، گرین لائن کو راولپنڈی سے لاہور کے لیے آج کے روز معطل کیا گیا ہے جب کہ پاکستان ریلوے کے سسٹم پر چلنے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے اپنے معمول اور روٹ کے مطابق چل رہی ہیں۔دوسری طرف پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرائے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، مسافر ٹرینوں کا کرایہ 10 اور فریٹ ٹرینوں کا 5 فیصد بڑھایا جائے گا، ریلوے کمیٹی نے15 فیصد کرائے بڑھانے کی تجویز دی تھی، ترجمان ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے کی مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے کرائے بڑھانے سے متعلق تشکیل کردہ کمیٹی 15 فیصد کرائے بڑھانے کی تجویز دی ہے، جس پر ریلوے حکام نے مسافر ٹرینوں کا کرایہ 10 اور فریٹ ٹرینوں کا 5 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں