خدارا ماسک خریدنا بند کریں، امریکی سرجن کی عوام سے اپیل

واشنگٹن:امریکی سرجن جنرل ڈاکٹر جیروم ایڈمز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خدارا عام ماسک خریدنا بند کریں، کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنی روزمرہ زندگی میں احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔امریکی سرجن جنرل ڈاکٹر جیروم ایڈمز نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے کورونا وائرس سے بچا وکے لیے ماسک خریدنے والے عوام سے کہا کہ ماسک آپ کو کورونا وائرس سے بچانے میں موثر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اور میڈیکل عملے کو قلت کے باعث ماسکس فراہم نہیں ہو پائیں گے تو ان کی اور ان سے وابستہ لوگوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔سوشل میڈیا پیغام میں امریکی سرجن جنرل کا کہنا تھا کہ خود کو اور اپنے ارد گرد کے لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنی روزمرہ زندگی میں احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ بیمار ہیں تو گھر پر ہی رہیں، باقاعدگی سے صابن اور پانی سے ہاتھ دھوئیں اور فلو کی ویکسین لگوائیں۔خیال رہے کہ جان لیوا کورونا وائرس کے خوف سے بڑی تعداد میں عوام فیس ماسک خرید رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماسک کی قلت ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں