اخوان المسلمون کے ساتھ تعلق پر سابق رکن پارلیمنٹ سمیت 13افراد ”دہشت گردی کی فہرست“میں شامل

قاہرہ:مصر میں کالعدم اخوان المسلمون کے ساتھ تعلق کیلئے سابق رکن پارلیمنٹ زیاد العلائمی سمیت 13افراد کو ”دہشت گردی کی فہرست“میں شامل کرلیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ آفیشل گیزٹ میں شائع ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کے دہشت گردی کی فہرست میں نام پانچ سال کے عرصے کیلئے شامل ہونگے۔ العلائمی مصر کی 2011 کی معروف احتجاجی تحریک کی اہم شخصیت تھے جس کے نتیجے میں طویل ترین صدر حسنی مبارک کی حکومت کا خاتمہ ہوا اور جون 2019ء میں وہ گرفتار ہوئے۔ فہرست میں ایک سرکردہ سرگرم کارکن رامے شاتھ اور سینئیر فلسطینی سیاستدان نبیل شاتھ کا بیٹا جس کے پاس مصری شہریت ہے اور العلائمی کی گرفتاری کے دو ماہ بعد حراست میں لیا گیا تھا،بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ اخوان المسلمون کے ارکان نے گروپ کے دیگر اراکین بشمول رامے شاتھ اور زیاد العلائمی کو ریاست مخالف سرگرمیاں جاری رکھنے کا ٹاسک سونپا گیا تھا۔ وکیل صفائی خالد علی نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ فیصلہ وکلاء کی عدم موجودگی میں کیا گیا ہے اور اس کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں