پمز ہسپتال میں ڈینگی کے 11 نئے مریض داخل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24گھنٹوں میں پمز ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 11 نئے مریض داخل ہوئے۔ پمز ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر مبشر ڈاہا کے مطابق پمز میں ڈینگی کے باعث اب تک پمز میں 2300 سے زائد ڈینگی کا شکار مریض رپورٹ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ 371 مریض ڈینگی کے باعث پمز میں زیرعلاج رہے۔ترجمان پمز ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے کہا کہ پمز میں 2 وارڈز میں چوبیس گھنٹے ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی مریضوں کے لیے 100 بیڈز میڈیکل وارڈ ایمرجنسی اور آئی سی یو میں مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلڈ بینک، فارمیسی اور لیبارٹری میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام ضروریات کو فی الفور پورا کیا جا رہا ہے۔ ترجمان پمز ڈاکٹر مبشر نے کہا کہ پمز میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے زندگی بچانے والی تمام ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تمام عملے کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی وارڈ کا عملہ ڈاکٹر شفاعت خاتون کی سربراہی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں