اسرائیل کا اپنے مفادات پر ایرانی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ
تل ابیب:اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ تل ابیب نے افریقا میں ایران کی طرف سے اسرائیلی مفادات پر متعدد حملے ناکام بنا دیے ہیں۔ یہ حملے تین افریقی ممالک میں کیے گئے جن میں مبینہ طور پر اسرائیلی سیاحوں اور کاروباری شخصیات کو قاتلانہ حملوں میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔اسرائیلی اخبارکی رپورٹ کے مطابق سمندر پار انٹیلی جنس کارروائیوں کے ذمہ دار اداریموساد نے تنزانیا، گھانا اور سینیگال میں اسرائیلی سیاحوں اور کاروباری شخصیات کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششیں ناکام بنائیں۔اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر نے بھی تصدیق کی کہ قبرص میں اسرائیلی ارب پتی ٹیڈی ساگی کو قتل کرنے کی کوشش اسرائیلی تاجروں کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوشش تھی۔قبرص میں ایرانی سفارت خانے نے اسرائیل کے ان الزامات کی تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے جزیرے پر اسرائیلیوں پرحملہ کرنے کی کوشش کے الزامات بے بنیاد ہیں۔


