ہر ناکامی کا الزام اپوزیشن پر ڈالنے والا بیانیہ اب پرانا ہو چکا ہے،شیری رحمان
اسلام آباد:نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ہر ناکامی کا الزام اپوزیشن پر ڈالنے والا بیانیہ اب پرانا ہو چکا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ تباہی سرکار کے 3 سالوں میں چینی کی قیمتیں 200 فیصد تک بڑھ گئی ہیں، چینی 53 روپے کلو تھی اب 160 روپے فی کلو ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ حکومت ہمیشہ کی طرح اپوزیشن پر الزام لگا کر ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہی ہے، شوگر کمیشن کی انکوائری رپورٹ کا کیا ہوا، کہاں کیس چلا، کس کو سزا ملی، کون جیل گیا؟
انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ رپورٹ بنا کر کہتے تھے ہم نے ورلڈ کپ جیت لیا ہے، کرپشن ثابت ہونے کے باوجود کسی کو سزا نہ ملنے کا مطلب حکومت خود ملوث ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ان سے نہ ملک چلتا ہے نہ ہی مہنگائی کنٹرول میں ہوتی ہے، ہر ناکامی کا الزام اپوزیشن پر ڈالنے والا بیانیہ اب پرانا ہو چکا ہے، اب کارکردگی دکھاؤ یا گھر جاؤ۔


