معروف گلوکارہ نے بل گیٹس کو شادی کی پیشکش کردی
کویت :کویت کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ شمس الاسلمی نے دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو شادی کی پیشکش کر دی۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کویت کی معروف گلوکارہ شمس الاسلمی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بل گیٹس کافی ذہین شخص ہیں اور وہ موجودہ ڈیجیٹل دور کے چراغ ہیں۔ ان کی مستقبل کے حوالے سے پیش گوئیاں اور معلومات مجھے متاثر کرتی ہیں۔گلوکارہ کاکہنا تھا کہ اسی لیے میں بل گیٹس کو شادی کی پیشکش کرتی ہوں ۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا بل گیٹس میری پیشکش قبول کریں گے؟
شمس الاسلمی نے یہ ٹویٹ بل گیٹس سے متعلق ایک خبر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا ، جس میں بل گیٹس نے خبردار کیا تھا کہ دنیا کو آئندہ چند سالوں میں جلدی بیماری چیچک کا سامنا ہو سکتا ہے، اسی لیے اس کی تحقیق کیلئے فنڈز جمع کرنے ہوں گے۔
گلوکارہ کی اس ٹویٹ پرسوشل میڈیا پر خوب چرچا ہوا جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری ٹوئٹ کو غلط انداز سے پیش کیا گیا ہے، یہ ٹوئٹ محض ایک مذاق تھا، میں اس حوالے سے سنجیدہ نہیں تھی۔یاد رہے کہ ماہ اگست میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے شادی کے 27 سال بعد راہیں جدا کر لی تھیں ۔


