حکومت جتنے مرضی ہاتھ پاوں مارلے اب اس کے گھر جانے کا وقت آن پہنچا عوام کے غضب سے نہیں بچ سکتی‘شاہد خاقان عباسی
مریدکے:سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت جتنے مرضی ہاتھ پاؤں مارلے اب اس کے گھر جانے کا وقت آن پہنچا عوام کے غضب سے نہیں بچ سکتی۔ان خیالا ت کااظہارانہوں نے مریدکے میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین سے انکے چھوٹے بھائی رانا زاہد انور کے انتقال پر افسوس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت اسمبلی کے اندر اور باہر ناکام ہوچکی حکومتی بل پاس نہ ہونا دلیل ہے کہ اراکین اسمبلی جان چکی کہ حکومت ہٹ دھرمیوں اور من مانیوں سے کام لینے میں سب کو پیچھے چھوڑ چکی ہے،اسی طرح اسمبلی سے باہر مہنگائی بے روزگاری معاشی اور اقتصادی بدحالی نے ملک و قوم کا بیڑا غرق کردیا اب اس حکومت کے رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔انہوں نے کہا حکومت کیخلاف تمام اپوزیشن جماعتیں ایک تھیں ہی اب تو حکومتی ارکان بھی اکثریت میں ہمارے ساتھ ہیں اور حکومت کے جانے کا انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا اسمبلی کے اندر تبدیلی پہلا آپشن ہے وگرنہ لانگ مارچ ہوگا اور عوام اسلام آباد کی طرف صرف چلیں گے نہیں حکومت کو گھر پہنچاکر دم لیں گے۔انہوں نے کہا میاں نواز شریف کو قوم یاد کررہی ہے انہوں نے قوم کو موٹرویز دئے بجلی گیس کے کارخانے دئے خوشحالی کا دور تھا دنیا مانتی تھی کہ دو ہزار پچیس تک پاکستان دنیا کی بڑی معیشت ہوگا پاکستان میں ووٹ کے تقدس کی پامالی اب ہرگز برداشت نہ کی جائے گی عمران خان کی صورت میں پاکستان اور عوام بہت سزا بھگت چکے اب ووٹ کو عزت دو کا وقت آن پہنچا حکومت کے گھر جانے کا وقت ہوچکا عوام تیاری کرچکے حکومت کو گھر بھیجنے کی۔


