بلوچستان کے طلباء کیلئے دیگر صوبوں کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سیٹیں بڑھانے کیلئے وزیراعظم سے بات کریں گے، نصیب اللہ مری
کوئٹہ:صوبائی وزیرتعلیم ہائیر اینڈر سیکنڈری ایجوکیشن میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلباء کیلئے ملک کے دیگر صوبوں کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سیٹیں بڑھانے کیلئے وزیراعظم اور وزراء اعلیٰ سے بات کریں گے، صوبے کے دوردراز تعلیمی اداروں میں تعلیم کی بہتری اوراساتذہ کی حاضری کو ہرقیمت پریقینی بنایا جائے گا تاکہ بلوچستان تعلیمی لحاظ سے ملک کے دوسرے صوبوں کے برابر آسکے۔ یہ بات انہوں نے محکمہ تعلیم کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سیکرٹری تعلیم اوردیگر حکام کی جانب سے محکمہ تعلیم کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری تعلیم بشیراحمد بنگلزئی اورمحکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ بلوچستان تعلیمی لحاظ سے دوسرے صوبوں سے بہت پیچھے ہیں صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے کے دوردراز علاقوں میں قائم اسکولوں،کالج میں اساتذہ کی حاضری کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے مستقبل کامعمار ہیں انہیں بہتر تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یاغفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب،سندھ اور خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء اور طالبات کے لئے سیٹیں بڑھانے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور وزراء اعلیٰ سے بات کریں گے تاکہ دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں میں طلباء کیلئے تعلیم حاصل کرنے کے مواقع پیدا ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی صوبے کے دوردراز علاقوں کے اسکولوں اور کالجز کا دورہ کریں گے اور وہاں سہولیات اور مسائل کا جائزہ لیں گے اور مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


