کیا آپ جانتے ہیں مالا علی محمود کردستانی کون ہیں؟

ان دنوں سوشل میڈیا پر پاکستان کے دورے پر آئے ایک طبیب مالا علی محمود کردی یا مالا علی کردستانی کے چرچے ہیں اور اس حوالے سے مالا علی محمود کی مختلف ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔

مالا علی محمود کردستانی کا دعویٰ ہے کہ وہ قرآن اور سنت نبویؐ کی روشنی میں جسمانی طور پر معذور افراد کا علاج کرتے ہیں، شہرت اور مقبولیت کے باعث مالا علی ملک کی مشہور سیاسی شخصیات سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ چند جھٹکوں کے ذریعے ایک خاتون کا علاج کررہے تھے۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں مالا علی محمود کردستانی کون ہیں؟

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق مالا علی محمود کا تعلق اربیل شہر سے باہر اور کردستان کے ایک علاقے کلک سے ہے۔

مالا علی نے روحانی علاج کا سلسلہ کلک میں قائم کلینک سے کیا اور مقبول ہوگئے، بعد ازاں انہیں کلک سے بے دخل کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے سعودی عرب کا رخ کیا۔

مالا علی محمود کے حوالے سے بی بی سی نمائندگان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے باقاعدہ کسی دینی مدرسے سے مذہب کی تعلیم بھی حاصل نہیں کی ہے۔

سعودیہ میں مقیم ایک صحافی نے بتایا کہ ان کی جانب سے سعودی نابینا شہری کا بینائی لوٹانے کا دعویٰ بھی جھوٹا تھا، یہی نہیں دھوکا دہی کے الزام میں بھی سعودی حکومت کی جانب سے ملا علی محمود کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

مزید برآں مالا علی محمود کے ترکی میں موجود دفتر میں بھی پولیس کی جانب سے چھاپے کی اطلاعات ہیں جس کے بعد وہ اب پاکستان پہنچے ہیں جہاں لوگوں کی بڑی تعداد ان سے ملنے کی منتظر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں