نائیجیرین فوج کا داعش کے متعدد عسکریت پسند ہلاک کرنے کا دعوی
ابوجہ:نائیجیرین فوجیوں نے ملک کی شمال مشرقی ریاست بورنو میں ایک فوجی اڈے پر حملہ کرنیوالے داعش صوبہ مغربی افریقہ (آئی ایس ڈبلیو اے پی) کے متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔فوج کے ترجمان اونیما نواچوکو کے ایک بیان کے مطابق بورنو کے بلدیاتی علاقہ گاجیرام نگانزئی میں واقع ایک فوجی اڈے پر داعش صوبہ مغربی افریقہ کے حملے کو پسپا کرنے کے دوران 2 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے شورش زدہ شمال مشرقی علاقے میں جاری فوجی کارروائی "آپریشن ہادین کائی” کے فضائی دستوں نے اڈے میں دراندازی کی کوشش کرنیوالے دہشتگردوں پر تباہ کن گولہ باری کی۔داعش صوبہ مغربی افریقہ اپنے حمایتی گروہ بوکو حرام کے ساتھ مل کر شمال مشرقی نائیجیریا میں ایک اسلامی ریاست کے قیام کیلئے سرگرم ہے۔ ان دہشتگرد گروہوں نے اپنے حملوں کا دائرہ کار چاڈ جھیل کے گرد واقع دیگر ممالک تک بڑھا دیا ہے۔


