صادق سنجرانی بلوچستان کے خصوصا رخشان ڈویژن کیلئے ایک اثاثہ ہیں، عبدالکریم نوشیروانی
خاران،بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئرنائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی بلوچستان خصوصا رخشان ڈویژن کے لئے ایک اثاثہ ہیں جنہوں نے چیئرمین سینٹ ترقیاتی فنڈز دیکر ثابت کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے سپوت ہیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے مرکز میں بیٹھ کر اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ان پر تنقید اور بلا جواز الزامات ہماری سمجھ سے بالا تر ہے تنقید و الزامات لگانے والے صوبے کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے ہم ان کے اس رویے اور عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے خاران میں ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ اس سے قبل بھی سینیٹ کے چیئرمین آئے لیکن کسی نے بھی بلوچستان کو اہمیت اور فوقیت نہیں دی جب سے میر صادق سنجرانی اس عہدے پر فائز ہوئے تو انہوں نے بلوچستان خصوصا رخشان ڈویژن پر توجہ مرکوز کی اور اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے کوئٹہ ماشکیل روڈ پر ان کے فنڈز سے باقاعدہ کام بھی شروع ہوگیا جس کی تکمیل سے علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور عوام کو سہولت میسر آئے گی اسی طرح خاران کے لئے انہوں نے میری درخواست پر 20کروڑ روپے کی واٹر سپلائی اسکیمات دیں جبکہ واشک کے ایم پی اے کی درخواست پر انہیں ترقیاتی کاموں کے لئے 20کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے، نوشکی کو بھی فنڈز دیئے جوکہ ان کی اس صوبے اور اپنے علاقے کے ساتھ مخلصی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے باعث ترقی مخالف عناصر کی رات کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اس لئے وہ ان پر تنقید کررہے ہیں اور بلا جواز الزامات لگارہے ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ان کے بھائی رازق سنجرانی جو کہ سیندک پراجیکٹ کے ایم ڈی ہیں کی اس صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے مقامی لوگوں کو ملازمتیں بھی میسر آئی ہیں صوبے کو رائلٹی بھی مل رہی ہے اسکے باوجود الزام تراشی ہماری سمجھ سے بالا تر ہیں انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایک ایماندار اور مخلص شخصیت کے مالک ہیں ان پر الزامات اور تنقید قابل مذمت عمل ہے جس کی ہم ہر پلیٹ فارم پر مخالفت اور مذمت کریں گے۔


