دنیا بھر میں دو ارب 90کروڑ افراد انٹرنیٹ سے محروم ہیں،اقوام متحدہ

اقوام متحدہ:اقوامِ متحدہ کی ایجنسی انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن اب بھی دنیا میں 2ارب 90کروڑ افراد انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہیں۔انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے سیکریٹری جنرل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دنیا کی دو تہائی آبادی آن لائن ہے لیکن اب بھی سب تک انٹرنیٹ کی سہولت پہنچانے کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق 2019میں دنیا بھر میں چار ارب 10کروڑ افراد کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر تھی جو 2021میں بڑھ کر چار ارب 90کروڑ تک پہنچ گئی ہے یہ خوش آئند امر ہے البتہ اب بھی انٹرنیٹ استعمال کرنے کی سہولت غیر مساوی ہے۔ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جن 2 ارب 90کروڑ افراد کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے،ان میں سے 96فی صد کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایجنسی نے اپنی رپورٹ فیکٹس اینڈ فگرز کے 2021کے ایڈیشن میں انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پہلے سال کے دوران عالمی سطح پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں دس فی صد اضافہ ہوا ہے جو ایک دہائی میں اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ ہے،ترقی پذیر ممالک میں یہ اضافہ 13فی صد جب کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 46کم ترین ترقی یافتہ ممالک میں یہ اضافہ 20فی صد تک ریکارڈ کیا گیا۔ دنیا بھر میں 62فیصد مرد جبکہ 57فی صد خواتین انٹرنیٹ استعمال کرتی ہیں، شہروں میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 76فی صد اور دیہات میں یہ تعداد 39فی صد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں