افغانستان سے بھی مریض علاج و معالجے کیلئے بی ایم سی کا رخ کرتے ہیں، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ
کوئٹہ:میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ اور سیکرٹری صحت کی ہدایات پر بی ایم سی میں مریضوں کو سہولیات فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں اور ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی مریض علاج و معالجے کے لئے بی ایم سی کا رخ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ کے مختلف شعبوں کے دورے، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی سروسز و شعبہ ایمرجنسی ایکسرے کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل میڈیکل سپرنٹینڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے اتوار کے روز ہسپتال ہذا کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور لیبارٹری، ایمرجنسی سروسز، ایکسرے ڈیپارٹمنٹ، ایمرجنسی ایکسرے ودیگر کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے ایمرجنسی ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ اور سیکرٹری صحت کی خصوصی ہدایات پر بی ایم سی میں مریضوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر نوراللہ موسی خیل نے ہسپتال ہذا کے مختلف وارڈوں میں ادویات چیک کی اور ہدایت کی مریضوں کو درکار ادویات کی بروقت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو صحت کی سہولیات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں اور حتی کہ ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی مریض علاج و معالجے کے لیے بی ایم سی کا رخ کرتے ہیں۔


