گوادردھرنا مظاہرین کے تمام مطالبات منظور،غیر قانونی ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی،وزیرعلیٰ بلوچستان

گوادر:وزیرعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ گواد ر میں غیر قانونی ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے،گوادردھرنا مظاہرین کے تمام مطالبات منظور کرلئے ہیں، گوادر کی ترقی کیلئے سب مل کر کام کریں گے۔جمعرات کو وزیرعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گوادر میں حق دو گوادر دھرنا مظاہرین کیساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے ہیں اور دھرنا قیادت کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے مطالبے پر گوادر میں غیر قانونی ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اورغیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام کے لئے محکمہ فشزیز اور کمشنر مکران کو ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کو ترقی دینابنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح میں شامل ہیں جبکہ گروک روڈ پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا اورپسنی تربت روڈ پر جلد ٹینڈر طلب کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں، ہم چاہتے تھے کہ گوادر کے عوام کو انکا حق ملے او اسکے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھرنا مظاہرین کے قائدین کیساتھ مذاکرات کئے تھے اور گوادر کو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن نے مطالبات منظور کیے جانے کے بعد گوادر میں چند ہفتوں سے جاری دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعلیٰ بلوچستان اور دھرنا قائدین کے مابین11نکاتی معاہدہ طے پایا تھا جس پر وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے دستخط کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں