اسلام آباد تہران استنبول فریٹ ٹرین کا افتتاح اہل بلوچستان کیلئے صرف نمائشی اقدامات ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اسلام آبادتہران استنبول فریٹ ٹرین کاافتتاح اہل بلوچستان کیلئے صرف نمائشی اقدامات ہیں۔حکمران اہل وطن کو تو دھوکہ دیتے رہتے ہیں اب عالمی سطح پر بھی جھوٹ نمائشی اقدامات سے نہیں شرماتے۔بلوچستان میں ریلوے ٹریک تباہ ہیں کوئٹہ سے جہاں بھی ریلوے جاتی ہیں ہرطرف ریلوے کی خستہ حالی،تباہی وبربادی عیاں ہیں۔کسی ریلوے پر بھی ٹرین تیز سفر کرسکتاہے نہ ہی ریلوے ٹریک پر کوئی سہولت ہے۔ریلوے ٹریک بلوچستان کے حدود میں کوئی سہولت ہے نہ ٹریک کی خستہ حالی کہ وجہ سے ٹرین کا سفر محفوظ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جیکب آباد سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے تفتان کمزورترین ٹریک ہیں تیزرفتار ٹرین بلوچستان میں ریلوے ٹریک پر تیزسفر نہیں کرسکتا راستے میں نہ سہولت سے آراستہ اسٹیشن ہے نہ عوام کی آسانی کیلئے کوئی سہولت موجود ہے۔ اسلام آبادتہران استنبول فریٹ ٹرین کا عملی طور پر زمین پر کوئی عملی اقدامات نہیں ہوئے۔کوئٹہ تفتان تک 650کلو میٹر ٹریک انتہائی خستہ حال ہے اس ٹریک پر کوئی سہولت نہیں اس ٹریک پر صرف تین چار اسٹیشن ہے جس پر بھی کوئی خاص سہولت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمران قوم اور ہمسائیہ قوتوں کو بزنس،نیا بزنس ریلوے شروع کرنے کے نام پر دھوکہ نہ دیں ان نمائشی دھوکے والی اقدامات سے بلوچستان ترقی نہیں کرسکتا۔ کوئٹہ سے ملک کے دیگر علاقوں کیلئے اکثر ٹرین بند کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے عوام سے ٹرین کی سستی سہولت چھین لی گئی ہے حکومت کوئٹہ کراچی،کوئٹہ پشاور،کوئٹہ پنڈی سمیت دیگر علاقوں کیلئے ٹرین سروس شروع کردیں تاکہ بلوچستان کے عوام کو ٹرین کی سہولیات میسر ہو۔بلوچستان کے عوام پر موٹروے،میٹروبس سروس،اورنج ٹرین کی سہولت کیوں شجر ممنوعہ بنا دی گئی ہیں۔حکمران اگر بلوچستان کے عوام سے مخلص ہے تو نمائشی جھوٹی اقدامات کے بجلی ٹرین سمیت دیگر سہولیات،میگاپراجیکٹس شروع کرنے کیلئے مخلصانہ عملی اقدامات اُٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں