بینظیر بھٹو کی برسی آج منائی جائیگی، محترمہ ایک تحریک ہے، بلاول بھٹو

کراچی:سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 14ویں برسی آج (پیر)منائی جائے گی،مرکزی تعزیتی جلسہ تین بجے دوپہر منعقد کیا جائے گا،پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت مختلف رہنما خطاب کرکے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے کراچی سے پیپلزپارٹی کے قافلے بسوں کوچز،ٹرین کے ذریعہ گڑھی خدابخش کے لییروانہ ہوگئے،پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرصوبائی وزیراطلاعات ومحنت سعید غنی،پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی نے پیپلزسیکریٹریٹ سے مرکزی قافلے کوگڑھی خدابخش کے لیے روانہ کیا کراچی سے گڑھی خدابخش روانہ ہونے والے قافلوں کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے واٹرپمپ پراستقبالیہ کیمپ قائم کیاگیا ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن آصف خان کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع سے شہید بے نظیربھٹو کی برسی میں شرکت کے لیے قافلے روانہ ہوئے ہیں۔سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی14ویں برسی27دسمبر کو لاڑکانہ گڑھی خدابخش میں منائی جائے گی،بلاول بھٹو زرداری آصف علی زرداری اورپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما جلسہ عام سے خطاب کریں گے،سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی14ویں برسی پرگڑھی خدابخش میں پیپلزپارٹی بھرپورسیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے پنڈال سج گیا ہے۔ صوبائی وزیرسعید غنی کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری27 دسمبر کو گڑھی خدابخش میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب اورجاری حکومت مخالف تحریک کے سلسلہ میں پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔کراچی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی آج 27 دسمبرکو پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس سے پیپلزپارٹی کے رہنما خطاب کریں گے تقریبات میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے پیش کی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جبکہ محترمہ کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم و پارٹی چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو ایک تحریک و مشعلِ راہ ہے، اور قوم ان کے قومی جذبے، طویل جدوجہد و مضبوط قیادت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پی پی پی چیئرمین نے شہید محترمہ بینظیر کے 14ویں یومِ شہادت پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو مثالی عالمی لیڈر تھیں، جنہوں نے پاکستان میں بڑی بہادری سے جمہو ریت کے لیے تاریخی جدوجہد کی، اور ملک کو بانی اجداد کے فکر و وژن کی روشنی میں حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیئے اقدام کیئے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا روالپنڈی میں قتل صرف عوام کو غربت، بیروزگاری اور ناانصافیوں سے نجات دلانے کے خواب کا قتل نہیں تھا، بلکہ پوری قوم کو قتل کرنے کی سازش تھی۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس گہنونی سازش کو سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے” کے نعرے سے ناکام بنایا تھا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمہ گیر شخصیت کی مالک تھیں، جنہوں نے بطور ایک عوامی رہنما پاکستان میں اتحاد، ہم آہنگی اور ترقی پسند سوچ کو فروغ دیا، اور عوام کے سیاسی و معاشی حقوق کی حفاظت کی۔سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے۔ آصف زرداری نے کہا کہ ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔سابق صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، اس کی آزادی، وقار، خودداری اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک خطر ناک صورتحال سے گزر رہا ہے، ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے، ملک کے خارجہ امور زبوں حالی کے شکار ہیں، قانون کو موم بنا دیا گیا ہے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ غریب مشکلات کا شکار ہے، غریب ریاست کے ثمرات سے محروم کیے جا رہے ہیں۔ پی پی پی کے شریک چئیرمین نے کہا کہ 2013 کے بعد مسلسل پارلیمنٹ کے اختیار پر حملے ہو رہے ہیں، پارلیمنٹ کی عزت اور وقار کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی مزاحمت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو بچایا اب ملک کو مشکلات سے نکالے گی، صبر اور برداشت ہماری کمزوری نہیں ہے ہمارا اصول ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں ہونے دینگے

اپنا تبصرہ بھیجیں