وویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے چائنا سٹڈی سینٹر کا قیام پاک چائینہ دوستی کی علامت ہے، گورنر بلوچستان
کوئٹہ:گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہاہے کہ چینی سفارت خانہ کی جانب سے وویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے چائنا سٹڈی سینٹر کا قیام عمل میں لانا، پاک چائنا گہری دوستی کی ایک اور علامت ہے،وویمن یونیورسٹی کی جانب سے نئی نسل کے اذہان کو جدید علم وتحقیق کی روشنی سے منور کرنا اعلیٰ مثال ہے۔ان خیا لا ت کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز سردار بہا در خان وویمن یو نیورسٹی میں چائنا سٹڈی سینٹر کے حوالے سے منعقدہ پروقار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ افتتاحی تقریب کے شرکا سے پاکستان کراچی میں تعینات چائنیز قونصل جنرل (Mr. Li Bijinan)نے آن لائن خطاب کیا۔ اس موقع پر وویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر نائید حق نے ادارے کی کارکردگی اور چائنا سٹڈی سینٹر کے قیام کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے چائنا سٹڈی سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ہم چائنا سٹڈی سینٹر کے حوالے سے فراہم کی گئی معاونت کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، چائنا نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ خیر سگالی کے تحت ہم پوری چائنیز قوم اور حکومت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، بلاشبہ چائنا بہت قلیل مدت میں ترقی کے عروج پر پہنچا اس ضمن میں ہمیں بھی ان ہی عوامل پر عمل پیرا ہوکر ترقی کی منازل طے کرنی چاہئے،انہوں نے کہا کہ چینی سفارت خانہ کی جانب سے وویمن یونیورسٹی کی طالبات کیلئے چائنا سٹڈی سینٹر کا قیام عمل میں لانا، پاک چائنا کی گہری دوستی کی علامت ہے وویمن یونیورسٹی کی جانب سے نئی نسل کے اذہا ن کو جدید علم وتحقیق کی روشنی سے منور کرانا ایک اعلیٰ مثال بھی ہے،انہوں نے پاک چائنا تعلقات کو مزید مضبوط خوشگوار کیلئے ضروری ہیں کہ چائنیز اسٹوڈنٹس بھی اردو زبان سیکھیں بعدازاں تقریب کے مہما ن خصوصی گورنربلوچستان نے سید ظہور احمد آغا نے وویمن یونیورسٹی میں چائنا سٹڈی سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔


