بلوچستان میں شدید بارش اور برف باری

کوئٹہ :میں ایک بار پھر شدید برف باری اور بارش کے باعث زمینی راستے بند ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق کوئٹہ چمن شاہراہ آمدورفت کے لیے معطل ہے، جس کی بحالی کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے، رپورٹس کے مطابق برف باری کے باعث کوئٹہ ژوب شاہراہ بھی کان مہترزئی کے مقام پر آمدورفت کیلئے بند ہے۔

کوژک ٹاپ اور زیارت میں ایک بار پھر شدید برف باری ہوئی جبکہ کچھ علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہوئی، چمن شہر اور گردونواح میں موسلا دھار بارش نے ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال پیدا کردی ہے، نوکنڈی، چاغی اور نوشکی سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

کوئٹہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا، جب کہ شدید سرد موسم میں وادی بھر میں گیس کی سہولت نایاب ہوگئی، محمد خیر روڈ ،عبدالولی چوک، شالدرہ سمیت کئی علاقوں میں گیس غائب ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

بارشیں برسانے والا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد گزشتہ روز سے صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے اور آج بھی صوبے کے بعض شمالی اور وسطی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سبی میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لسبیلہ میں 19، قلات میں 16، دالبندین اور تربت میں 4 ، اوماڑہ میں 3 اور جیوانی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بدھ کے روز تعطل آنے کے بعد جمعرات کے روز بارش کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا، جو جمعہ کی صبح وقفے وقفے سے جاری رہا، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، ناظم آباد، لیاقت آباد، صدر، شارع فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔

تیز بارش کے باعث سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی سے موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ جمعہ کی شام تک ختم ہوجائے گا اور شہر کا مطلع صاف ہوجائے گا، جمعے کو مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا، اس کے علاوہ آٹھ جنوری سے سردی کی شدت میں اضافہ بھی متوقع ہے۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث دفاتر جانے والے افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سے نکل گیا ہے جس کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، شہر میں شمال مشرق کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 11 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جمعرات کو وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی اور تیز بارش دوران کے دوران کے الیکٹرک (کے ای) نے شہر کو محفوظ اور مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران مقامی سطح پر شکایت کے لیے کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو اَیپ، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 24/7 رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں