بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفباری کے باعث شاہراہیں بند،رابطہ منقطع

کوئٹہ:بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید برفباری اور بارش کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہوگئی۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کوئٹ چمن شاہراہ کے ساتھ ساتھ ژوب شاہراہ بھی کان مہترزئی کے مقام پر بند ہوگئی۔اس کے علاوہ زیارت، ہرنائی اور مسلم باغ میں برف باری کے باعث مسافر کوچ پھنس جانے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔برف باری کے باعث زیارت میں چھڑی کے مقام پرکوئٹہ سے ملتان جانے والی مسافر کوچ پھنس گئی، جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،مسافروں نے کوچ کو نکالنے اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قلعہ عبداللہ چمن قلعہ سیف اللہ اور زیارت اضلاع میں جاری برف باری میں متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور برف باری سے بند ہو نے والی شاہراہوں کو جلد از جلد کھولنے کے لئے عملہ اور مشینری دستیاب رکھنے کی ہدایت کردی۔حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے دور دراز ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خوراک، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی گئیں۔ پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں نے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے جہاں لوگوں کو علاج اور ادویات کی سہولتیں فراہم کیں۔پاک بحریہ کے جوانوں نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے علاوہ مختلف علاقوں میں کھڑا پانی نکالنے میں بھی مقامی افراد کی مدد کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں