کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ پیکیج کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچادیا جائے گا، عوامی حکومت کوئٹہ میں شہری مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سریاب، قمبرانی اور سبزل روڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی بارشوں کا پانی نکالنے اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعلی بلوچستان بارشوں کے جمع ہونے والے سے پیدل گزر کر دوسری جانب پہنچے اور علاقے کے لوگوں مسائل سنے اور انہیں حل کرانے کی متعلقہ حکام کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی حکومت شہری مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اس موقع پرمیر عبدالقدوس بزنجو نے سیکیورٹی حکام کو لوگوں کو قریب آنے سے روکنے پر منع کر دیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ کوئٹہ پیکج کی منصوبہ بندی کو درست سمت میں لایا جائے گا۔ واضح رہے وزیر اعلی کے دورے کے دوران روٹ نہیں لگایا گیا اور نہ ہی ٹریفک روکا گیا۔ ٹریفک وزیر اعلی کے کانوائے کے ساتھ ساتھ رواں دواں رہا۔ وزیر اعلی بلوچستان نے شہر میں اپنی آمد و رفت کے دوران روٹ لگانے کی سختی سے ممانعت کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں