وفاقی دارالحکومت میں بارش، اسلام آباد میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں گذشتہ کئی دنوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بارشوں کے طویل اسپیل کے پیش نظر اسلام آباد کے مختلف علاقوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا جس کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ نے ایڈوائزری بھی جاری کی جس میں متعلقہ حکام کو سیلاب سے متعلق تمام ریسکیو کالز کو ترجیح دیے جانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے ای الیون، کرامڑی، سواں، بارہ کہو اور نالہ کورنگ اور دیگر علاقوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں دو بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔چھتیں گرنے کے واقعات گوجرانوالہ، قصور، چنیوٹ اور گجرات میں ہوئے۔ اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی تیز بارش ہوئی، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، منڈی بہاالدین، چشتیاں، دنیا پور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی آسمان سے کھل کر پانی برسا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ، تربت، سبی، لسبیلہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی بلوچستان سے صوبے میں بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں