بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی میں مزید اضافہ

کوئٹہ:بلوچستان میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع، زیارت،کان مہترزئی سمیت مختلف علاقوں میں برف باری صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے حکومت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی بلوچستان میں ایک مرتبہ پھر بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔وادی زیارت اور کان مہتر زئی میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ضلع زیارت میں تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور رابطہ سڑکیں بحال رکھنے کے لیے مشینری استعمال میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی سی قلعہ سیف اللہ حافظ قاسم کاکڑ کے مطابق پی ڈی ایم اے اور این ایچ اے کی مشینری ہائی وے پر موجود ہے اور عملہ الرٹ ہے۔پشین، خانوزئی، مسلم باغ اور سرانان میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چمن اور گردو نواح میں گرد آلود طوفانی ہوائیں چلنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور ہیوی مشینری بھی متعلقہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطا بق ہلکی سے درمیانی بارشوں کا سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں منگل کے روزداخل ہو گا جو کہ جمعرات تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کے روز سے لیکر بدھ تک کے دوران کوئٹہ، زیارت، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوہلواوربارکھان میں بارش/ برفباری کی پیشگوئی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں