عدلیہ کو اپنی تیزی سے گرتی ساکھ کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے،فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدلیہ کو عالمی رینکنگز میں اپنی تیزی سے گرتی ساکھ کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیرقانون فروغ نسیم کا سوال اہم ہے کہ اگر جج صاحبان اپنے بیوی بچوں کے اثاثوں کے ذمہ دار نہیں تو پھر سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کا احتساب کیسے ممکن ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عدلیہ کو عالمی رینکنگز میں اپنی تیزی سے گرتی ساکھ کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے، نئے چیف جسٹس جب حلف لیں گے تو انھیں اس چیلنج کا سامنا ہوگا۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا بیان پوسٹ کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسی گفتگو اور دھمکیاں اگر بغیر نوٹس اور احتساب کے نظرانداز ہو جائیں تو پھر اللہ ہی حافظ ہے، مجھے امید ہے اعلیٰ ترین سطح پر عدلیہ اس گفتگو کا نوٹس لے گی اور اقدامات کئے جائیں گے، تا کہ احتساب کا عمل بغیر خوف وخطر آگے بڑہ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں