یوکرین کا روس سے اپنی سرحد سے افواج ہٹانے کا مطالبہ
کیف:یوکرین نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ اس کی سرحد سے اپنی فوج واپس بلائے اور اگر وہ کشیدگی کم کرنے میں ’سنجیدہ‘ ہے تو مغرب کے ساتھ بات چیت جاری رکھے۔فرانسیسی خبر رساں اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ وزیر خارجہ دمیترو کوبا نے ٹویٹ میں کہا کہ ’اگر روسی حکام سنجیدہ ہیں جب وہ کہتے ہیں کہ وہ نئی جنگ نہیں چاہتے ہیں، تو روس کو سفارتی معاملات کو جاری رکھنا چاہیے اور یوکرین کی سرحدوں اور عارضی طور پر اس کے مقبوضہ علاقوں میں جمع فوجی دستوں کو واپس بلانا چاہیے۔‘مغربی ممالک کے مطابق روس نے یوکرین کی سرحدوں کے پاس ایک لاکھ سے زائد فوجی اور بھاری ہتھیار تعینات کیے ہوئے ہیں۔ انہیں روس کی جانب سے حملے کا خدشہ ہے۔دمیترو کوبا نے مزید کہا کہ ’سفارت کاری ہی واحد ذمہ دار راستہ ہے۔‘دوسری جانب امریکی سینیٹ کے سینیئر ممبران نے کہا ہے کہ روس پر پابندیاں لگانے سے متعلق بل پر دونوں جماعتوں کے ارکان کی رضامندی حاصل کرنے کے قریب ہیں جو روس کی معیشت کو ’کچل‘ کر رکھ دے گا۔


