لاہور بم دھماکے کے بعد بلوچ پشتون طلباء کو گرفتار کرناقابل مذمت ہے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں لاہور شہر سمیت پنجاب میں پشتون بلوچ طلباء اور شہریوں کی بلاجواز اور غیر قانونی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لاہور بم دھماکے کے بعد معصوم پشتون بلوچ طلباء اور شہریوں کو گرفتار کرنے کا ناروا وغیر قانونی رویہ اور طرز عمل درحقیقت پنجاب حکومت اور اُن کے قانون نافذ کرنیوالے ادارو ں کی جانب سے پشتون بلوچ عوام کے خلاف اُن کے متعصب رویے،منفی سوچ اور منفی طرز عمل کو ثابت کرتا جو قابل گرفت ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ لاہور شہر سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلباء اور کاروبار کرنے والے شہری قطعاً دہشتگردی،انتہاپسندی اور فرقہ واریت جیسے انسانیت دشمن واقعات میں ملوث نہیں اور بلاجواز غیر قانونی طریقے سے طلباء وشہریوں کی گرفتاریاں اور انہیں عقوبت خانوں میں رکھنے ان پر تشدد کرنے اور گرفتار افراد کے متعلق ان کے اہلخانہ اور عزیز واقارب کو صورتحال سے آگاہ نہ کرنے اور عدالتوں میں پیش نہ کرنے کی اذیت ناک صورتحال ملک کی یکجہتی کے ماحول کو نقصان پہنچانے کی شعوری سازش کے مترادف ہے۔ اور اس کی ذمہ داری پنجاب کی صوبائی حکومت اور ان کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر عائد ہوتی ہے۔ اور اس انسانیت دشمن طرز عمل کے خلاف پشتون بلوچ صوبے میں ہر قسم کے احتجاج اور رد عمل کی ذمہ دار بھی پنجاب حکومت اور ان کے قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہونگے۔ بیان میں وفاقی حکومت، وفاقی وزارت داخلہ، اس پشتون بلوچ صوبے کی صوبائی حکومت اور صوبائی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور ان کے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اس پشتون بلوچ دشمن متعصب رویے اور عوام دشمن اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور گرفتار معصوم طلباء اور شہریوں کی رہائی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں