ملک خطرے میں، بلاول بھٹو اسے بچانے میدان میں آچکے ہیں،آصف زرداری

اسلام آباد : سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے نصیرآباد بلوچستان کے عوام کی طرف سے پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کرنے اور جلسے کو کامیاب کرنے پر نصیرآباد کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ ملک خطرے میں ہے اور بلاول بھٹو اسے بچانے میدان میں آچکے ہیں، 27فروری کو بلاول کا لانگ مارچ قوم کی متفقہ آواز ہوگی، بلوچستان کے عوام کے انصاف کے دن قریب ہیں، نوجوان مایوس نہ ہوں انہیں باوقار روزگار دینا بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے۔ اتوارکو میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والی بیان میں سابق صدر نے پارٹی تنظیم، رہنماؤں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج نصیرآباد بلوچستان کے عوام کی آواز پورے ملک میں گونج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے انصاف کے دن قریب ہیں، نوجوان مایوس نہ ہوں انہیں باوقار روزگار دینا بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک خطرے میں ہے، اسے بچانے کے لئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں آچکے ہیں۔ 27فروری کو بلاول بھٹو زرداری کا لانگ مارچ قوم کی متفقہ آواز ہوگی۔ دریں اثنا سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کو ہاٹ کے رہنما ملک اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اقبال پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں ان کی اہلیہ جاں بحق ہوگئی تھیں۔ اپنے الگ الگ بیان میں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی کارکن اور ان کے خاندان پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے۔ جن صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں جمہوریت پسند سیاسی کارکن غیرمحفوظ ہوگئے ہیں۔ پارٹی قائدین نے ملک اقبال سے ان کی اہلیہ کے قتل پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن ان کے دکھ میں شریک ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے خیبرپختونخوا کی حکومت سے کہا کہ وہ مجرموں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزا دلوائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں