حکومت سے جان چھڑانے کیلئے عوام سڑکوں پر نکلیں اور حکومت کو چلتا کریں،راجہ پرویز اشرف
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت سے جان چھڑانے کاحل یہ ہے کہ عوام جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر نکلیں اور حکومت کو چلتا کریں،لانگ مارچ میں عوام کا اژدھام کراچی سے پنجاب پہنچے گا،وسطی پنجاب کی تمام تنظیمیں چارج ہو چکی ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ لاہور کے ناصر باغ میں قیام اور بہت بڑا اجتماع کریگا،کارکنوں میں جوش و جذبہ ہے،بلاول کا بھر پور استقبال کرینگے،حکومت نے عوام کو مہنگائی اور غیر یقینی کیفیت میں ڈبو دیا ہے،حکومت کو مزید وقت دینا عوام سے زیادتی ہو گی، عوام 27فروری کو بہت سارے سوالات لیکر آ رہے ہیں،50 لاکھ گھر اور ا یک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں،حکومت کو ساڑھے تین برس سے زائد وقت دیا مگر یہ ناکام رہے،ہماری طاقت پاکستان کے عوام ہیں،آئیں عوام کے دکھوں کا مداوا کریں آج تمام طبقات اس حکومت سے تنگ ہیں پی ڈی ایم سمیت سب کو عوام کی آواز پر کان دھرنے چاہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آصف زرداری کی پشت پر ہے،چیکوں کا تجربہ وزیر اعظم کا ہو گا،پیپلز پارٹی چیک دیتی ہے نہ لیتی ہے۔عدم اعتماد قانونی و آئینی ٹول ہے۔اب اپوزیشن کے بہت سے دوست اس پر اکھٹے ہو چکے ہیں۔


