بلوچستان کے میڈیکل کالجز کے پانچ طلباء کی احتجاجاً تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع
کوئٹہ: بلوچستان کے جھالاوان، مکران، لورالائی میڈیکل کالجز کے پانچ طلباء نے احتجاجاً تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ پر یس کلب کے باہر رجسٹریشن نہ ہونے کے خلاف احتجاج میں بیٹھے جھالاوان، مکران، لورالائی میڈیکل کالجز کے پانچ طلباء نائید ریکی، ساجد اکبر، سمیع اللہ،فارس اور عدنان نے پی ایم سی اور حکومت بلوچستان کی جانب سے انکے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی، احتجاجی طلباء کا کہنا تھا کہ جھالاوان، مکران، لورالائی میڈیکل کالجز کے طلباء رجسٹریشن کے لئے گزشتہ 69روز سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن انکی شنوائی نہیں ہورہی طلباء کو کہا جارہا ہے کہ وہ رجسٹریشن کے لئے دوبارہ ٹیسٹ دیں جبکہ طلباء پہلے ہی تمام امتحانات دے چکے اور اب میڈیکل کے چوتھے سال میں پہنچ گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور پی ایم سی کی جانب سے انکے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے جس کے بعد وہ بھوک ہڑتال کر رہے ہیں اگر کسی بھی طالب علم کو کچھ ہوا تو اسکی ذمہ داری حکومت بلوچستان اور پی ایم سی پر عائد ہوگی اور انکی جگہ مزید طلباء تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔


