بور ہونیوالے سکیورٹی گارڈ نےکروڑوں روپے کی پینٹنگ خراب کردی
روس میں بور ہونے والے ایک سکیورٹی گارڈ کو آرٹ گیلری میں نمائش کیلئے لگائی گئی کروڑوں روپے کی پینٹنگ خراب کرنے پر نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ روس کے شہر یکاترینبرگ میں ایک آرٹ گیلری میں ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر بال پوائنٹ پین نکالا اور بغیرنقوش کے 3 چہروں والی ایک پینٹنگ پرخود آنکھیں بناکر اسے خراب کردیا۔ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی گارڈ نے پینٹنگ اس لیے خراب کی کیونکہ وہ بور ہورہا تھا اور اس کے پاس کچھ کرنے کو نہیں تھا۔پورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال 7 دسمبرکو پیش آیا تھا تاہم گزشتہ ہفتے تحقیقات مکمل ہونے اور قصور وار ثابت ہونے پر سکیورٹی گارٖڈ کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔اطلاعات ہیں کہ پینٹنگ خراب ہونے کا پتا اس وقت چلا جب آرٹ گیلری میں 2 افراد مختلف فن پاروں کو دیکھ رہے تھے کہ اچانک انہیں ایسا محسوس ہوا کہ ایک پینٹنگ میں کچھ گربڑ ہے جس کے بعد انہوں نے حکام کو بتایا اور تحقیقات کے بعد سکیورٹی گارڈ قصوار ثابت ہوا۔رپورٹس کے مطابق ‘تھری فگرز’ نامی اس فن پارے کی مالیت تقریباً ایک ملین ڈالر (یعنی 17 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے جسے نمائش کیلئے پیش کیا گیا تھا۔تھری فگرز نامی یہ پینٹنگ 1932 سے 1934 کے درمیان بنائی گئی تھی، ماہرین کے مطابق جدید تکنیک سے پینٹنگ کو درست کیا جاسکتا ہے جس میں تقریباً 5 لاکھ روپے کا خرچ آئے گا۔


