بھارت میں طالبات پر حجاب کی پابندی، امریکی سفیر کی بھارتی حکومت پر تنقید
طالبات پر حجاب کی پابندی، امریکی سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کی بھارتی حکومت پر تنقید
امریکا کے سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی رشاد حسین نے مسلم خواتین کو اپنے لباس کا انتخاب کرنے کی اجازت نہ دینے پر بھارتی ریاست کرناٹک کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایک بیان میں رشاد حسین کا کہنا تھا کہ مذہبی آزادی میں کسی کے مذہبی لباس کا انتخاب کرنے کی آزادی بھی شامل ہے، بھارتی ریاست کرناٹک کو مذہبی لباس کی اجازت دینے یا نہ دینے کا تعین نہیں کرنا چاہیے، اسکولوں میں حجاب پر پابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان کو متعصبانہ تجزیہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ بھارت کے اندرونی مسائل پر متعصبانہ تبصرے خوش آئند نہیں ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ کچھ تعلیمی اداروں میں ڈریس کوڈ کا معاملہ کرناٹک ہائیکورٹ کی طرف سے عدالتی جانچ کے تحت کیا گیا، بھارت کا آئینی ڈھانچہ اور طریقہ کار ان مسائل کو حل کرے گا۔


