آزادی اظہار رائے پر ایف آئی آر کا اندراج منفی اقدام ہے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ(انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں پارٹی رہنما ملک نصیر شاہوانی بی ایس او پجار کے رہنماء ڈاکٹر ثمرین بلوچ سمیت دیگر سیاسی رہنماوں کے خلاف ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سیاسی رہنماؤں نے ماورائے آئین کوئی اقدام کی تو مقدمہ یا ایف آئی آر درج کرنا صحیح ہے لیکن اگر آئین پاکستان آزادی اظہار رائے کا حق فراہم کرتا ہے تو ایف آئی آر کا اندراج منفی اقدام ہے جس کی نیشنل پارٹی مذمت کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی کا روز اول سے موقف ہے کہ کوئی بھی آئین و قانون سے بالاتر نہیں۔آئین کی بلندی ہی ملک میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کو ممکن بنا سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی اصولی موقف رکھتی ہے کہ ماورائے آئین و قانون گرفتاریاں غیر آئینی اقدام ہے۔کوئی بھی شہری ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے تو اس کو گرفتار کرکے ملک کی آئین کے مطابق عدالت کے زریعے سزا دی جائے۔تاکہ آئین وقانون کی حکمرانی قائم ہو۔بیان میں کہا گیا کہ سیاسی رہنماؤں پر ایف آئی آر کا اندراج آزادی اظہار رائے پر قدغن ہے۔جو قابل مذمت ہے۔


