خضدار ،تین بھائیوں کے 12بیٹے اور بیٹیوں کے ایک دوسرے کے ساتھ رشتے قائم
خضدار:خضدار میں عجب اتفاق ، تین بھائیوںکے بارہ بیٹے اور بیٹیوں کا ایک دوسرے کے ساتھ رشتہ کردیا گیا، چچازاد بہن اور بھائیوں کی شادی اتوار کی شب انتہائی سادگی کے ساتھ سر انجام پائی ،ایک ساتھ بارہ کی تعداد میں چچازاد بہن بھائیوں کی شادی تاریخ میں انوکھی حیثیت حاصل کر گئی۔ جہاں کبھی منفرد مثبت عمل ہو تو اسے تاریخ میں امتیازی حیثیت حاصل ہوجاتی ہے۔ خضدارمیں بھی مارچ کے مہینے میں کچھ عجیب سا ہوگیا ، اس فیصلے کو اتفاق ہم آہنگی اور رشتوں کی پختہ دیوار کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا ، موجودہ نفسانفسی اور کھینچا تانی کے دور میں اگر ایک ہی خاندان میں اتفاق ہوتو اسے قدرت کی جانب سے عطاءکردہ ایک تحفہ کھا جاسکتا ہے خضدار میں ایک خاندان کے مابین کچھ ایسا ہی ہوگیا ۔ تین بھائیوںکے خاندان کے درمیان رشتے کا یہ عجیب حسین جمیل امتزاج ہے کہ انہوںنے اپنی 12عدد بیٹی اور بیٹو ںکا رشتہ کرکے ان رشتوں کو مذید مضبوط اور دوسرے خاندانوں کے لئے اعلیٰ مثال قائم کردی ۔یہ تینوں بھائی گلاب غلامانی ،محمد عالم غلامانی ، فیروز غلامانی ہیں کہ جن میں سے ایک بھائی حیات ہے ، رحلت کرنے والے دوبھائیوں کے ورثاءکہ جن میں بیٹے بیٹیاں اور دیگر خواتین شامل ہیں ان کی جانب سے ان رشتوں پرآمادگی کا اظہار کیا گیا اورٹھنڈ سائیہ نماءدیرپا فیصلہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ اتوار کی شب خضدار کے نواحی علاقہ جعفر آباد میں چھ دلہا چھ دلہنیوں کے درمیان کچھ اس طرح رشتے قائم ہوئی اور ان کی شادی ہوئی ۔ (1)عباس ولد محمد عالم غلامانی کا رشتہ بی بی (ص)بنت گلاب خان غلامانی(2) محمد حنیف ولد محمد عالم کا رشتہ بی بی (ص)بنت فیروز خان غلامانی ۔(3)نعمت اللہ ولد فیروز خان کا رشتہ بی بی (س)بنت گلاب خان (4)جنید احمد ولد محمد عالم کا رشتہ بی بی (ص) بنت فیروز خان (5) محمد اویس ولد محمد عالم کا رشتہ بی بی (ث) بنت گلاب خان غلامانی(6) عبدالباسط ولد گلاب خان غلامانی کا رشتہ بی بی (س) بنت محمد عالم غلامانی کے ساتھ طے پایا اورآج اتوار کی شب یہ منفرد شادی سرانجام پائی ۔ شہریوں کی جانب سے تین بھائیوں کے بیٹے اور بیٹیوں کے درمیان پہلے رشتہ اور اس کے بعد شادی بخیر وخوبی ایک ہی رات میں سرانجام پانے کو قدر کی نگاہ سے دیکھاجارہاہے ، ان کا کہنا ہے اس پر آشوب اور پرفتن دور میں اس طرح اگر رشتوں کو ایک ساتھ جوڑے رکھا گیا اور ان رشتوں کو مذید پختہ اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کی گئی تو خاندانوں کے درمیان ناچاقی اور خاندانی و گھریلوں جھگڑے ہمیشہ کے لئے ختم ہوں ، یہ منفرد شادیاں سب کے لئے ایک مثال ہیں اسے دیگر خاندان بھی اپنے لئے آئیڈیل بناسکتے ہیں ۔


