دکی میں سڑک تعمیر کرنیوالی کمپنی کے دو مزدور پراسرار طور پر لاپتا، تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری، پولیس
دکی (این این آئی) دکی کے علاقے کارہز کیمپ سے سڑک تعمیراتی کمپنی کے دو مزدور پراسرار طور پر لاپتا ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق لاپتا ہونے والے مزدور دکی چمالنگ شاہراہ پر کام کرنے والی تعمیراتی کمپنی کے سائٹ کیمپ میں مزدوری کرتے تھے اور کام کے بعد اسماعیل شہر جا رہے تھے کہ راستے میں لاپتا ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مزدور رات 8 بجے سے لاپتا ہیں جبکہ ان کی موٹر سائیکل مین ناناصاحب روڈ کے کنارے سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد کے موبائل فون بھی بند ہیں۔ لاپتا افراد میں 29 سالہ وزیر خان ولد محمد نواز ترین اور 20 سالہ امین اللہ ولد اسد شان ترین شامل ہیں، جن کا تعلق اسماعیل شہر سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے لاپتا مزدوروں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ کارروائیاں تیز کردی ہیں۔


