انسانی حقوق کے سلسلے میں سعودی عرب کا معیار دوہرا ہے، ایرانی وزارت خارجہ
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران نے سعودی عرب میں درجنوں قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتار دئے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے لگام تشدد اور موت کی سزاو¿ں سے خود ساختہ بحران کو حل نہیں کیا جا سکتا۔وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ سعودی عرب رائج بہانوں سے اپنے یہاں کی سیاسی و عدالتی افراتفری کو نہ تو چھپا سکتا ہے اور نہ ہی رائج بہانوں سے عوام کی سرکوبی کر سکتا ہے۔ انہوں نے ہفتے کے روز سعودی عرب میں درجنوں قیدیوں کو موت کی سزا دیئے جانے پر رد عمل میں کہا کہ یہ غیر انسانی اقدام، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی حقوق کے ابتدائی اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام میں منصفانہ عدالتی کارروائی کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔سعید خطیب زادہ نے اسی طرح سعودی عرب کے سفاکانہ اقدام پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کی اور انسانی حقوق کے سلسلے میں انکے دوہرے معیار کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے انسانی حقوق کے مسائل کو ایک سیاسی ہتھکنڈے میں تبدیل کر دیا ہے۔


