چین صدارتی انتخابات میں مجھے ہارتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے: ٹرمپ کا دعویٰ


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدارتی انتخابات میں چین اُنہیں ہرانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کو بدھ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ چین اُن کے ڈیموکریٹک مخالف امیدوار کو تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیاب کرانے کا خواہش مند ہے۔صدر ٹرمپ کے بقول، چین چاہتا ہے کہ جو بائیڈن صدارتی انتخابات میں کامیاب ہو جائیں تاکہ اُن کی انتظامیہ نے تجارت اور دیگر معاملات پر بیجنگ پر جو دباؤ ڈالا ہے اسے کم کیا جا سکے۔یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس چین کی مصنوعات پر بھاری ٹیکسز عائد کیے تھے اور وہ کرونا وائرس کے باعث امریکہ میں ہلاکتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو پہنچنے والے نقصان کا ذمہ دار بھی چین کو ٹھیراتے رہے ہیں۔بدھ کو انٹرویو کے دوران انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ چین کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق دنیا کو جلد آگاہ کر دینا چاہیے تھا لیکن جس طرح بیجنگ نے اس وائرس سے نمٹنے کی کوشش کی وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بیجنگ صدارتی انتخابات میں اُنہیں ہرانے کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے۔