آئین توڑنے والے کو آرٹیکل6 کا سامنا کرنا ہوگا، خاقان عباسی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد ایک جمہوری اور آئینی حق ہے، جو آئین توڑیگا وہ اسپیکر ہو، وزیراعظم ہویا کوئی اور اسے آرٹیکل6 کاسامنا کرنا پڑے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی، جمہوری اور پارلیمان کاعمل آئین کے مطابق ہونا ضروری ہے، حکومت کو آئین، جمہوری قدروں اورپارلیمان کی پرواہ نہیں، اجلاس14دن کے اندرنہ بلاکرثابت کردیا گیاکہ وہ ہرحیلہ بہانہ کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کو لٹکایا نہیں جاسکتا، آپ کو سامنا کرنا ہوگا، جو لوگ عمران خان سے منحرف ہیں انھوں نے ہی عمران خان کو اقتدار دیا تھا، کنٹینر کی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے، یہ نہ تو سینیٹ الیکشن ہے اور نہ ہی جی بی الیکشن جہاں پیسوں کا استعمال ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ اقتدار کو چھوڑ کر اپوزیشن میں شامل ہونا چاہتے ہیں، اسپیکر پہلے دن سے جانبدار تھا، آج بھی جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں منی لانڈرنگ کی سب سے بڑی مثال فارن فنڈنگ کیس ہے، آج نیب اور ایف آئی اے خاموش ہے، عمران خان بتائیں شہزاد اکبر نامی شخص کہاں ہے؟


